لاہور کی7 مرکزی شاہراہوں کو ازسر نو ماڈل شاہراہیں قرار دینے کا فیصلہ

لاہور کی7 مرکزی شاہراہوں کو ازسر نو ماڈل شاہراہیں قرار دینے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد) شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے 27 ماڈل شاہراہوں کو جدید خطوط پر استوار تو نہ کیا جاسکا، تاہم پنجاب حکومت نے ایک مرتبہ پھر 7 مرکزی شاہراہوں کو ازسر نو ماڈل شاہراہیں قرار دینے کا فیصلہ کرلیا، اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ٹریفک مینجمنٹ فارمولا کے مکمل نفاذ کے لیے جیل روڈ، فیروز پور روڈ، مال روڈ، علامہ اقبال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، ملتان روڈ اور کنال روڈ کو ازسر نو ماڈل روڈ قرار دے دیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بیوروکریسی کے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی، تاہم ملتان روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، کینال روڈ اور علامہ اقبال روڈ پر ٹریفک مینجمنٹ کے معاملات کمیٹی کے سپرد کر دئیے گئے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ علی مرتضیٰ 13رکنی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر لاہور، سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن کمیٹی، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈپٹی کمشنر، سی سی پی او، سی ٹی او بھی کمیٹی میں شامل ہیں، ایم ڈی سیف سٹی، چیف انجینئر ٹیپا، ایم ڈی پارکنگ کمپنی اور سی ای او اربن یونٹ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام کے مطابق 7 ماڈل سڑکوں سے پہلے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا، جبکہ دوسرے مرحلے میں اشاروں اور یوٹرن کا ازسر نو سروے کرایا جائے گا، ماڈل سڑکوں پر ازسر نو مارکنگ اور پیچ ورک ہوگا۔

اعلیٰ سطحی کمیٹی تمام سفارشات وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی جبکہ ماڈل شاہراہوں پراسٹریٹ لائٹس کی سو فیصد تنصیب یقینی بنانا، لٹکتی تاروں کا خاتمہ، اسٹیٹ آف دی آرٹ بس اسٹاپس جبکہ خستہ فٹ پاتھوں کو  15روز میں نمٹانا ہوگا۔

ٹریفک مینجمنٹ کے لیے 27 میں سے سات سڑکوں کو ازسر نو ماڈل تو قرار دے دیا گیا لیکن مجوزہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی یا نہیں، شہریوں کو پندرہ روزخود بخود معلوم ہوجائے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer