حسن علی: ملی رکشہ یونین نے مہنگائی اور پیٹرول لیوی کے خلاف کلمہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جہاں ڈرائیوروں نے اپنے رکشوں کی چابیاں زمین پر پھینک کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ہونے والے احتجاج میں مقررین کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں صرف 6 روپے فی لیٹر کمی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ملی رکشہ یونین کے رہنما حمید الحسن گجر نے مطالبہ کیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پیٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈرائیور پیشہ افراد کو جیتے جی مار دیا ہے۔
رانا شمشاد کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے رکشہ ڈرائیوروں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ موجودہ حالات میں نہ مناسب دیہاڑی لگ رہی ہے اور نہ ہی مزدوری میسر آ رہی ہے۔
احتجاجی شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اگر حکومت مسائل حل نہیں کر سکتی تو رکشوں کی چابیاں اپنے پاس رکھ لے۔ اس دوران بعض رکشہ ڈرائیور ٹریفک وارڈنز کے مبینہ ناجائز چالانوں کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہو گئے۔
عبدالحنان نے کہا کہ عید قریب ہے مگر غریب ڈرائیور اپنے بچوں کے لیے خریداری تک نہیں کر پا رہے جبکہ ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث لاکھوں پاکستانی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔