عابد چوہدری: ٹریفک پولیس لاہور اور موٹروے پولیس پاکستان کے افسران کا عیدالاضحیٰ کے پیش نظر ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے فیلڈ مانیٹرنگ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کی جبکہ اجلاس میں ایس پی موٹروے عاطف شہزاد، ایس پی ٹریفک خضر حیات، ایس پی ٹریفک صدر ظفر عباس نقوی، ڈی ایس پی موٹروے طارق عباسی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹھوکر نیاز بیگ، بابو صابو، ملتان روڈ اور شاہ پور کانجراں مویشی منڈی کے اطراف ٹریفک مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا افسران نے عید کے دوران شہریوں کو بلا تعطل سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے مشترکہ کوآرڈینیشن مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔
قربانی کے جانوروں کی آمدورفت اور بڑھتے ہوئے ٹریفک لوڈ کے پیش نظر جامع ٹریفک پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ موٹروے پولیس کی جانب سے 60 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک دباؤ بڑھنے کی صورت میں ڈائیورشن پلان اور ایمرجنسی حکمت عملی فوری طور پر نافذ کی جائے گی۔