ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عیدالاضحیٰ سے قبل واسا پنجاب ہائی الرٹ، خصوصی پلان تیار

عیدالاضحیٰ سے قبل واسا پنجاب ہائی الرٹ، خصوصی پلان تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

درِ نایاب :عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے واسا پنجاب کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ عیدالاضحیٰ کے ایام میں پانی کی فراہمی کے اوقات کار میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرینج، سیوریج اور بارشی پانی کی نکاسی کے تمام انتظامات پیشگی مکمل رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔

وزیر ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ جانوروں کی آلائشیں نالوں یا سیوریج لائنوں میں پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ شہری علاقوں میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو ہر صورت فعال رکھا جائے۔

اجلاس میں واسا پنجاب کو تمام مشینری، افرادی قوت اور فیلڈ ٹیموں کو مکمل الرٹ رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ بلال یاسین نے کہا کہ اہم شاہراہوں، گنجان آبادیوں اور نشیبی علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

انہوں نے فیلڈ افسران کی عید کے دنوں میں موجودگی یقینی بنانے اور حاضری کا سخت نظام نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بدبو، تعفن اور پانی جمع ہونے جیسی شکایات سے محفوظ رکھنے کیلئے فیلڈ ٹیمیں ہر وقت متحرک نظر آنی چاہئیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں چودھری شہباز اور طیب فرید سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔