ویب ڈیسک : وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ایس ڈی پی منصوبے روزگار، غربت میں کمی اور علاقائی برابری کو فروغ دیں گے۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت پی ایس ڈی پی 26-2025ء سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں منصوبہ بندی کمیشن کے جاری منصوبوں، آئندہ مالی سال کی ترجیحات اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں مالی مشکلات کے تناظر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ذیلی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پی ایس ڈی پی منصوبے روزگار، غربت میں کمی اور علاقائی برابری کو فروغ دیں گے۔
وزیر خارجہ نے ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی کو وزیرِ اعظم شہباز شریف کے وژن اُڑان پاکستان سے ہم آہنگ بنایا جائے۔
اجلاس میں توانائی، ٹرانسپورٹ، پانی، زراعت، ٹیکنالوجی اور سی پیک فیز 2 کے منصوبے ترجیح قرار دیے گئے۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں کو با اختیار بنانے اور قومی پیداوار میں اضافے پر توجہ دی جائے۔
اجلاس میں منصوبہ بندی، اقتصادی امور، خوراک و سیکیورٹی کے وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔