ویب ڈیسک: فٹبال ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے مصر کے مڈفیلڈر مصطفیٰ ’زیکو‘ محمد نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ سے قبل شمالی ساحل پر چھٹیاں گزارنے کی تیاری کر رہے تھے، تاہم اچانک قومی ٹیم میں طلب کئے جانے کے بعد انکی زندگی کا رخ بدل گیا۔کوچ حسام حسن نے پہلے دن سے ہم پر اعتماد کیا ہے اور میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں ان کے اعتماد پر پورا اترا ہوں۔
فٹبال ورلڈ کپ میں مصر کے سکواڈ میں شامل مڈفیلڈر مصطفیٰ ’زیکو‘ محمد نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ سے قبل شمالی ساحل پر چھٹیاں گزارنے کی تیاری کر رہے تھے، تاہم اچانک قومی ٹیم میں طلب کئے جانے کے بعد ان کی زندگی کا رخ بدل گیا۔پیر کو وینکوور میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ2026کے گروپ جی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف مصر کی3.1گول سے تاریخی فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ ٹیم میں شمولیت کی توقع نہیں کر رہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ ’’میں قومی ٹیم سے کافی دور تھا اور بالکل بھی توقع نہیں تھی کہ مجھے موقع ملے گا۔ میں چھٹیوں کی تیاری کر رہا تھا کہ اچانک ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا‘‘۔مصطفیٰ ’زیکو‘ نہ صرف ایک گول اسکور کرنے میں کامیاب رہے بلکہ محمد صلاح کے دوسرے گول میں بھی اہم کردار ادا کیا، جب انہوں نے باکس کے اندر شاندار بیک ہیل پاس فراہم کیا۔
مصطفیٰ ’زیکو‘ محمد نےپری ٹورنامنٹ مرحلے میں بھی روس اور برازیل کے خلاف دوستانہ میچوں میں گول اسکور کر کے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا تھا۔ان کی شاندار کارکردگی کے باعث اب وہ مصر کے ابھرتے ہوئے اہم کھلاڑیوں میں شمار کئے جا رہے ہیں۔ کوچ حسام حسن نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اہم مواقع فراہم کئے، جنہیں انہوں نے بھرپور انداز میں استعمال کیا۔زیکو نے کہا’’کوچ حسام حسن نے پہلے دن سے ہم پر اعتماد کیا ہے اور میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں ان کے اعتماد پر پورا اترا ہوں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ مصر نے اہم فتح حاصل کی ہے، لیکن ٹیم ابھی مطمئن نہیں اور اگلے مرحلے میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا’’ہم نے ابھی کچھ بھی حاصل نہیں کیا۔ امید ہے کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں مزید آگے جائیں گے۔ ہم افریقہ کی سب سے مضبوط ٹیم ہیں اور ہمیں خود پر یقین ہے کہ ہم یہاں بڑا کارنامہ انجام دے سکتے ہیں‘‘۔