ویب ڈیسک: بھارت کی بڑی سیاسی جماعت سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اور ریاست اتر پردیش کے ضلع اعظم گڑھ کی نظام آباد اسمبلی نشست سے پانچ مرتبہ منتخب ہونے والے رکن اسمبلی عالم بدیع طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 90 برس تھی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق عالم بدیع کچھ عرصے سے علیل تھے اور لکھنؤ کےمقامی اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔ انہیں چار روز قبل اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد اعظم گڑھ میں واقع ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔
ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی سیاسی و سماجی شخصیات ان کی رہائش گاہ پہنچ گئیں۔ تعزیت کرنے والوں میں راشٹریہ علماء کونسل کے قومی صدر مولانا عامر رشاد مدنی، سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی نفیس احمد، ان کے صاحبزادے مستجاب عالم اور دیگر رہنما شامل تھے۔
عالم بدیع پانچ مرتبہ نظام آباد اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ ان کے انتقال پر سیاسی حلقوں اور اہل خانہ میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔