ملک اشرف : پاکستان اور ترکی کے درمیان قانونی اور پیشہ ورانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ترک وکلاء کے اعلیٰ سطحی وفد کا تین روزہ دورہ لاہور شروع ہو گیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے وکلاء کے درمیان قانونی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے۔
ترک وفد کی پنجاب بار کونسل آمد پر سابق صدر سپریم کورٹ بار اور ممتاز وکیل رہنما احسن بھون نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل فخر حیات اعوان، چیئرپرسن لیگل ایجوکیشن کمیٹی پنجاب بار کونسل سمیرا حسین، ڈائریکٹر لیگل ایجوکیشن پاکستان اسامہ مالک اور دیگر سینئر وکلاء رہنما و بار عہدیداران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ترک وکلاء کے وفد نے لاہور ہائیکورٹ کی تاریخی عمارت کا تفصیلی دورہ کیا۔
پاکستانی وکلاء رہنماؤں نے وفد کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا کمرۂ عدالت بھی دکھایا اور عدالت کی تاریخ، روایات اور عدالتی نظام سے متعلق آگاہ کیا۔ترک وفد نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا بھی دورہ کیا، جہاں وفد نے وکلاء سے ملاقاتیں کیں اور دونوں ممالک کے قانونی نظام، وکالت کے پیشے اور بار تنظیموں کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا۔
وفد نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس اور پاکستان بار کونسل کے دفتر کا بھی دورہ کیا، جہاں قانونی اصلاحات، بار کونسلز کے انتظامی امور، قانونی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ترک وفد پنجاب بار کونسل پہنچا، جہاں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان، چیئرپرسن لیگل ایجوکیشن کمیٹی سمیرا حسین اور دیگر بار عہدیداران نے وفد کا استقبال کیا۔
پاکستان بار کونسل کے سب آفس میں وکیل رہنماء احسن بھون نے ترک وفد کو پاکستان میں بنچ اور بار کے باہمی کردار، عدالتی نظام، مقدمات کی سماعت کے طریقۂ کار، آئینی و قانونی ڈھانچے اور وکلاء کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے اہم مرحلے میں پاکستان اور ترکی کے وکلاء کے درمیان قانونی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ تربیتی پروگراموں، تحقیقی سرگرمیوں، قانونی تعلیم، تجربات کے تبادلے اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
ترک وکلاء کے وفد نے پاکستانی وکلاء رہنماؤں کی شاندار میزبانی، پرتپاک استقبال اور پیشہ ورانہ تعاون پر شکریہ ادا کیا، جبکہ دونوں ممالک کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان قانونی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور مستقبل میں مشترکہ کانفرنسوں، سیمینارز، تربیتی پروگراموں اور وفود کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔