اویس کیانی: وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں نگران وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ری اسٹرکچرنگ اور ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویز پر سیر حاصل بحث کی۔
وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے پیش کی گئی ان تجاویز کے حوالےسےکابینہ اراکین کی آراء کی روشنی میں نگران وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک بین الوزارتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں وفاقی وزراء برائے نجکاری ، خارجہ امور، تجارت، توانائی ، قانون و انصاف اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہوں گے۔ کمیٹی ان تجاویز کے حوالےسے اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرے گی۔
کابینہ نے ملک میں ٹیکس آمدن میں اضافے، ٹیکس -جی ڈی پی تناسب میں بہتری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے پیش کی گئی مفصل تجاویز پر نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر اعظم اور کابینہ کے تمام ممبران نے مشترکہ طور پر ان ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے ان تجاویز کی تائید کی اور اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ نگران حکومت ایف بی آر اصلاحات کے ایجنڈے کو پایہء تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ یہ دستے حساس حلقوں اور پولنگ اسٹیشنز پر فرائض سر انجام دیں گے اور ریپڈ رسپانس فورس کے طور پر بھی کام کریں گے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر طاہر حسین قریشی کی ایس ایم ایس بینک کے صدر کے طور پر مدت ملازمت میں تین ماہ یا ادارے کی باضابطہ بندش تک کی توسیع کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر اسلام آباد ہیلتھ ریگیولیٹری اتھارٹی کے رجسٹریشن بورڈ میں میڈیکل کالجز کے نمائندے کے طور پر پروفیسر ڈاکٹر انور علی شاہ، پرنسپل شفاء کالج آف ڈینٹسٹری، شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد اور پرائیویٹ ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ سیکٹر کے نمائندے کے لیے ڈاکٹر در شہوار فیصل کی تعیناتی کی منظوری دے دی ۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پرشہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔ وزیر قومی صحت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 09-01-2024کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز کے 09-01-2024 اور 17-01-2024 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔