بجلی کا بریک ڈاؤن، اورنج ٹرین کا پہیہ بھی رک گیا

بجلی کا بریک ڈاؤن، اورنج ٹرین کا پہیہ بھی رک گیا
کیپشن: Orange Train
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: گدو سے کوئٹہ جانے والی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے، جس کے باعث لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کا پہیہ بھی رک گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی بریک ڈاؤن کے باعث لاہور شہر سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی ترسیل معطل ہو گئی ہے، اورنج لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بریک ڈاؤن کی وجہ سے اورنج لائن میٹرو ٹرین بند ہو گئی ہے۔

 واضح رہے کہ اورنج لائن ٹرین بجلی کی مدد سے چلتی ہے، بریک ڈاؤن سے ٹرین کا پہیہ بھی رک گیا ہے اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ چیئرمین ماس ٹرانزٹ کمپنی عذیر شاہ نے کہا کہ جب تک بجلی بحال نہیں ہوگی، ٹرین نہیں چلائی جا سکتی۔لیسکو کے مطابق اورنج لائن ٹرین میں روزانہ ڈھائی کروڑ روپے کی بجلی استعمال ہوتی ہے۔

دوسری جانب پاور ڈویژن کے حکام کا کہنا ہے کہ آج صبح 7 بج کر 34 منٹ پر نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہو گئی اور بجلی کے نظام میں وسیع بریک ڈاؤن ہوا۔حکام کے مطابق ٹرانسمیشن لائن اور پاور پلانٹ کے درمیان رابطہ منقطع ہونے سے بجلی کی فریکوئنسی کم ہوئی، جس کی وجہ سے کیسکیڈنگ ہوئی، اور پھر پاور پلانٹ یکے بعد دیگرے ٹرپ کرتے گئے، ٹرپنگ سے گدو، جام شورو، مظفر گڑھ، حویلی شاہ بہادر، اور بلوکی پاور پلانٹ بھی بند ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق تربیلا اور منگلا ڈیم کی ٹرانسمیشن لائنز بھی ٹرپ کرگئی تھیں، سسٹم بچانے کے لیے این پی سی سی کا فیوز بند کیا گیا، جس سے کراچی، جنوبی پنجاب، سندھ، اور خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی بند ہو گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بحالی کا کام شروع کر دیا ہے، بجلی کی مکمل بحالی میں 27 گھنٹے سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔

Abdullah Nadeem

کنٹینٹ رائٹر