ویب ڈیسک : سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا، وفد میں 30 سے زائد کمپنیوں کے سربراہان بھی شامل ہیں، وفاقی وزراء مصدق ملک اور جام کمال نے وفد کا استقبال کیا۔
پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی عرب سے 30 افراد پر مشتمل اعلی سطح کا تجارتی وفد پاکستان پہنچ گیا، 3 روزہ پاک سعودیہ سرمایہ کاری کانفرنس کل سے اسلام آباد میں شروع ہو گی، وفد سعودی فرمانروا محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر پاکستان پہنچا، 30کاروباری افراد پر مشتمل سعودی وفد پاکستان میں 2 روز قیام کرے گا، وفد میں شامل اہم شخصیات پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے مختلف شعبوں میں تجارتی وفود کا تبادلہ ہوگا، سعودی تجارتی وفد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 30 کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں، وفد کا تعلق ٹیکنالوجی، توانائی، ہوا بازی، تعمیرات، مائننگ اور ہیومن ریسورسز سے ہے، اس موقع پر پی آئی اے اور بھاشا ڈیم ، آئی ٹی ، توانائی، خوراک، کیمیکل، گوشت، کان کنی کے متعلق معاہدے طے ہونگے جبکہ زراعت، صنعت و تجارت وغیرہ کے مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدے بھی طے پائیں گے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران سعودی عرب کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہونے کا امکان ہے، سعودی وفد پاکستان میں سرمایہ کاری کے متوقع مواقعوں پر مذاکرات کرے گا، وفد واپس جا کر سعودی فرمانروا محمد بن سلمان کو دورے اور سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے انتظامات کے لئے پہلے سے ہی 16 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔