ارشاد قریشی: اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پانچ کارروائیوں کے دوران چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کارروائیوں کے دوران 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 21 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک مرد اور خاتون کے جوتوں سے 800 گرام آئس اور 600 گرام چرس برآمد کر لی گئی اور دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
اسی طرح کراچی بس ٹرمنل کے قریب ایک ملزم سے 8 کلوگرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
چونگی نمبر 26 کے قریب ایک گاڑی سے 5.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
مزید برآں شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب ایک سٹیل الماری سے 5 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کی تلاشی کے دوران 1.2 کلوگرام چرس اور 50 گرام آئس برآمد ہوئی، جس پر متعلقہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔