عثمان پیرزادہ نے ثمینہ پیرزادہ سے شادی کی وجہ بتا دی

عثمان پیرزادہ نے ثمینہ پیرزادہ سے شادی کی وجہ بتا دی

رائل پارک (زین مدنی ) پاکستان کے لیجنڈ اداکار عثمان پیرزادہ نے کہا ہے کہ ثمینہ پیرزادہ کے اعتماد سے بڑا متاثر تھا اور ان سے شادی کرنے کی ایک یہ بھی بڑی وجہ تھی،میں سمجھتا ہوں میں جیسا شخص ہوں میں اپنی اہلیہ کا خود کو برداشت کرنے پر ممنون ہوں۔ 

اپنے ایک انٹرویو میں عثمان پیرزادہ نے کہا کہ میں آج بھی خود کو بوڑھا نہیں سمجھتا بلکہ آج بھی میرے اندر بچپن ہے اور میں بالکل اسی طرح خواب دیکھتا ہوں، آپ جب اپنے اندر کے بچے کو مار دیں گے، تب آپ بوڑھے ہوں گے اور میرے اندر کا بچہ آج بھی زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خدا کی ذات نے  12سا ل بعد پہلی اولاد سے نوازا اور وہ لمحے بیان کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، میرے دل میں کبھی خیال نہیں آیا کہ اتنے سالوں بعد اولاد ہوئی ہے اور وہ بیٹا یا بیٹی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مرد اور عورت میں کوئی فرق نہیں، جب باپ اپنی بیوی کی عزت کرے گا تو بچہ اسی ذہن کے ساتھ آگے بڑھتا ہے اور وہ بھی اپنی بیوی کی عزت کرے گا۔

واضح رہےکہ عثمان پیرزادہ ایک پاکستانی ٹی وی اور فلم اداکار ، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں،  انہوں نے پنجابی اور اردو فلموں میں بہت کام کیا، انہوں نے 1975 میں اداکارہ ہدایت کارہ ثمینہ پیر زادہ سے شادی کی، ان کی دو   بیٹیاں انعم پیرزادہ اور امل پیر زادہ ہیں ۔