ویب ڈیسک: وزیر دفاع و ایوی ایشن خواجہ آصف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ پی آئی اے کی 135 ارب روپے میں فروخت ملکی معیشت پر بڑھتا ہوا اعتماد ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سرکاری تحویل میں کاروباری اداروں کی نجکاری سے نہ صرف ہزاروں کھربوں کے نقصان سے نجات حاصل کرے گی بلکہ معیشت کی بحالی عمل تیز ہوگا، خواجہ آصف نے کہاکہ نجکاری کمیشن کو مبارک ہو آج کی ٹرانزیکشن آنے والے وقت میں مزید کامیابیوں کی نوید ہے۔
واضح رہے کہ آج ہونے والی بولی میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی لگا کر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
پی آئی اے کی نجکاری کے دوران عارف حبیب گروپ اور لکی کنسورشیم میں سخت مقابلہ ہوا، تاہم لکی کنسورشیم 134 ارب روپے پر جا کر پیچھے ہٹ گئی اور مزید بولی نہ دی، جس پر عارف حبیب گروپ کی کامیابی کا اعلان کردیا گیا۔