سٹی 42 : لاہور ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ میں بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم کا نفاذ کردیا گیا۔
ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ میں مقدمات کی دائری کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کا نظام نافذ ہوگا۔ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے فریقین مقدمہ کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی جائے گی۔ اس کے علاوہ گواہان اور ضامنین کی بھی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی جائے گی۔
عدالتی بائیومیٹرک سسٹم کو نادرا کے ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت نادرا ای سہولت پر بھی میسر ہوگی۔ اس کے علاوہ پرنسپل سیٹ ،ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی بنچز پر بائیومیٹرک تصدیق سسٹم نافذ ہوگا۔
ضلعی عدلیہ میں بھی فریقین مقدمہ، گواہان اور ضامنین کی بائیومیٹرک تصدیق ہوگی، عدلیہ میں بائیو میٹرک تصدیق سے جعلی مقدمہ بازی سے نجات ملے گی۔ اسکے علاوہ ڈیجیٹل نظام سے جعل سازی کا خاتمہ ہوگا،جعلی گواہان اور ضامنین کا تدارک ہوگا۔