رانا زمان:مریدکے میں نارووال روڈ لدھیکے غربی کے قریب بس اور ٹیوٹا ہائی ایس کے درمیان خوفناک تصادم پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے .
ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چار شدید زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جبکہ آٹھ متاثرین کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشیں قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دی گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور غفلت بتائی جا رہی ہے۔