سٹی42: معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے یوٹیوب چینل، اکاؤنٹس اور ضبط شدہ سامان کی سپرداری سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے ڈکی بھائی کی جانب سے یوٹیوب چینل اور موبائل فونز سپرداری پر دینے کی استدعا مسترد کر دی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق جامعہ تلاشی کے دوران برآمد ہونے والی 19 اشیا ڈکی بھائی کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان اشیا میں بینکنگ کارڈز، قومی شناختی کارڈز، لیپ ٹاپ بیگ، کیمرہ اور دیگر ذاتی سامان شامل ہے، جو عدالت نے سپرداری پر دینے کی اجازت دے دی۔
تاہم عدالت نے واضح کیا کہ یوٹیوب چینل، اکاؤنٹس اور موبائل فونز تاحال تفتیشی عمل کا حصہ ہیں، اس لیے انہیں اس مرحلے پر ملزم کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ اسی بنیاد پر اس حوالے سے دائر درخواست مسترد کر دی گئی۔
واضح رہے کہ سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے خلاف درج مقدمے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ عدالت کی جانب سے کیس کی آئندہ سماعت پر مزید پیش رفت متوقع ہے۔