(اسرار خان/حسن خالد) نواں کوٹ کے علاقے یتیم خانہ موبائل مارکیٹ میں دکاندار اور گاہک کے مابین تکرار پر فائرنگ سے راہ گیر سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، سٹی فورٹی ٹو نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔
فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات یتیم خانہ موبائل مارکیٹ میں اس وقت پیش آیا جب دکاندار اور گاہک کے مابین موبائل کی خریداری پر تلخ کلامی ہوگئی، اسی دوران نامعلوم گاہک نے دیگر مسلح ساتھیوں کی مدد سے اندھا دھند فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آ کر راہ گیر سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں تین مقامی دکاندار رضا شاہ، عمران بلوچ اور فیصل شامل ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزموں کو ہاتھا پائی کرتے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، واقعہ کے خلاف تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے ملتان روڈ بلاک کر دیا، تاہم پولیس کی جانب سے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا اور ٹریفک بحال کر دی گئی۔
نواں کوٹ پولیس نے درخواست موصول ہونے پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے، ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے، تمام ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔