(سٹی42) باغوں کے شہر کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، حد نگاہ صفر ہونے پر موٹروے کو بند اور لاہور ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور میں صبح کے وقت دھند نے ہر منظر دھندلا دیا، سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے موٹروے کو لاہور سے کوٹ مومن تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔شدید دھند کےباعث لاہور ائیر پورٹ پر آنے اور جانے والی20 سے زائد پروازیں متاثر ہوگئیں۔
لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر کا درجہ حرارت کم سے کم 4 اور جبکہ زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ہے۔ جنوری کے پہلے ہفتے میں بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان موٹر وے کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے اجتناب کریں۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کے استعمال کو یقینی بنائیں۔