سٹی42: تین دن کی بارش سے بے حال شہریوں کو چیف میٹرولوجسٹ نے مزید بارشوں کی خبر سنا دی۔
میٹیریولوجیکل ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان کے کراچی کے چیف میٹیریولوجسٹ امیر حیدر لغاری نے بتایا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آ رہی مون سون ہواؤں کے زیراثر 27 اگست کو کراچی میں بارشیں ہوسکتی ہیں، آج ہفتے کو بھی شہر کے مختلف علاقوں میں سمندر سے آئے کم بلندی پر چلنے والے بادلوں کے سبب بارش ہوئی، گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2.8 ڈگری کمی سے 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں بھی معمول کے مطابق چلیں۔
امیر حیدر لغاری نے بتایا کہ آج (اتوار) سے 26 اگست تک دیہی سندھ میں بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ 27 اگست کو کراچی میں بارش کا امکان ہے مگر اس سسٹم کے حوالے سے صورتحال اگلے 48 گھنٹوں میں زیادہ بہتر طور پر واضح ہوگی۔
امیر حیدر لغاری کے مطابق ایک تاثر یہ پایا جارہا ہے کہ چونکہ یہ سسٹم بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے پاکستان پر اثرانداز ہو رہا ہے تو اس کی شدت زیادہ ہوگی۔ جس وقت سسٹم کسی مقام سے روانہ ہوتا ہے اس کی شدت جتنی بھی وہ راستے میں مختلف درجے کی بارشیں دیتا ہوا جاتا ہے اس دوران اس کی شدت میں بتدریج کمی واقع ہوتی ہے اور پھر ایک موقع پر وہ کمزورپڑجاتا ہے۔
انہوں نے کہا، کراچی کی موسمیاتی صورتحال مختلف ہے کیونکہ ساحلی شہر ہونے کی وجہ سے موسم میں تیزی سے تبدیلی ہوتی ہے جس کے دوران سابق پیشں گوئیاں بسا اوقات تبدیل ہوجاتی ہیں، کبھی تو ابتدائی پیش گوئیوں کے برخلاف صورتحال بن جاتی ہے۔
کبھی کبھی سمندر سے سسٹم کو موئسچر(نمی) ملنے کی وجہ سے یہ کئی گنا طاقتور ہوجاتا ہے اور زیادہ بارشوں کا سبب بنتا ہے۔
حالیہ بارشیں کم بلندی کے بادلوں سے ہوئیں
امیر حیدر لغاری نے انکشاف کیا کہ شہر میں حالیہ بارشوں کا سبب بننے والی مون سون سسٹم کے اثرات ابھی موجود ہیں، ہفتے کو شہر کے مختلف علاقوں میں جو بارشیں ہوئیں وہ سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کے سبب تھیں۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق آج اور کل (پیر) کو شہر میں ہلکی بارش، پھوار اور بوندا باندی کا امکان رہے گا، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 تا 33 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، ہفتے کو بیشتر وقت شہر کا مطلع زیادہ ترابرآلود رہا جس کی وجہ سے گزشتہ روز کے مقابلے میں شہر کا درجہ حرارت 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ کمی سے 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
سابقہ مون سون سسٹم اور سمندر کی نچلی سطح کے بادلوں کے سبب ہفتے کو شہر میں ہوئی بارش کے محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کردیے جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 6 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، اورنگی میں 5 ملی میٹر، گلشن معمار میں 4، یونیورسٹی روڈ میں 3 ملی میٹربارش ہوئی جبکہ سب سے کم بارش ناظم آباد میں 2.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔