جمال الدین جمالی: بانی تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی، پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزم شیر شاہ جائے وقوعہ پرحسان نیازی کے ساتھ موجود تھا، موقع پر اسلحہ استعمال کیا گیا، ویڈیو میں بھی ملزم کی موجودگی پائی گئی، ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریکور کرنے ہیں، ملزم کو تیس روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے،ملزم کا پولی گرامیٹک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا ہے۔
ڈی ایس پی جاوید آصف نے عدالت میں ملزم کی ویڈیو دکھائی۔
سماعت کے وقت علیمہ خانم اور عظمی خانم سمیت دیگر عدالت میں موجود تھے،ملزم کی جانب سے سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے دلایل دیئے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پولیس بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو گرفتاریوں سے پریشان کر رہی ہے ،ملزم شیر شاہ کو جھوٹے مقدمہ میں ملوث کیا گیا۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شیر شاہ کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے،ملزم کل تک پولیس کو مطلوب نہیں تھا ،کل ملزم شیر شاہ اپنے بھائی شاہ ریز خان سے اظہار یکجہتی کیلئے عدالت میں تھا،عدالت سے گھر واپس جاتے ہوئے پولیس نے ملزم شیر شاہ کو گرفتار کر لیا ،جناح ہاؤس کیس میں 27 ماہ کی تاخیر سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتاری غیر قانونی ہے۔
بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شیر شاہ کے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی۔