سٹی42: ایڈیشنل سیشن جج سید نجف حیدر کاظمی نے ٹک ٹاکر عائشہ سے زیادتی کیس میں ملزم سلمان حیدر کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج سید نجف حیدر کاظمی نے کیس کی سماعت کی جس دوران تھانہ نواب ٹاؤن پولیس نے کیس کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔دونوں جانب سے وکلا نے اپنے دلائل مکمل کیے.
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ متاثرہ خاتون نے مجسٹریٹ کے روبرو 164 کا بیان دیا، جس میں اس نے واضح طور پر سلمان حیدر پر زیادتی کا الزام عائد کیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ایک خاتون کیسے اپنے ساتھ زیادتی کا جھوٹا الزام لگا سکتی ہے؟ ملزم سلمان حیدر تفتیش کے دوران قصور وار پایا گیا ہے۔
عدالت نے واضح شواہد اور متاثرہ کے بیان کو مدنظر رکھتے ہوئے سلمان حیدر کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ضمانت خارج ہونے کے وقت ملزم عدالت میں موجود نہیں تھا۔
یاد رہے کہ نواب ٹاؤن پولیس نے متاثرہ عائشہ کی رپورٹ پر سلمان حیدر کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کیا تھا۔اس کیس میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ بھی نامزد تھے تاہم پولیس نے انہیں بے گناہ قرار دے دیا تھا۔بعد ازاں رجب بٹ نے اپنی ضمانت کی درخواست واپس لے لی تھی۔