ویب ڈیسک: ملک بھر میں موسم نے ایک بار پھر شدت اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، جہاں ایک جانب گرمی کی لہر برقرار رہے گی تو دوسری جانب مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 5 مئی تک ملک کے کئی حصوں میں شدید گرمی برقرار رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ سکتا ہے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولپور، ملتان اور تربت جیسے شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے، جبکہ وسطی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 سے 29 اپریل کے دوران بالائی اور وسطی پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مری، اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بھی اسی عرصے کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم گوادر سمیت ساحلی علاقوں میں موسم خشک رہے گا اور گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور آندھی کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث لو لگنے اور پانی کی کمی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، لہٰذا غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال بڑھائیں۔