شاہد سپرا: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے زیرِ انتظام علاقوں میں رات کے اوقات میں لوڈ مینجمنٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق شام 5 بجے سے رات 12 بجے تک بجلی کی اوسط طلب 3787 میگاواٹ رہی، جبکہ اس دوران 3053 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی، جس سے 682 میگاواٹ کا شارٹ فال ریکارڈ ہوا۔
ذرائع کے مطابق اسی دوران انڈیپنڈنٹ انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رکھی گئی، جبکہ کمرشل اور انڈسٹریل ڈومینیٹڈ فیڈرز پر 2، 2 گھنٹے لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔ شہری اور دیہی علاقوں میں اوسطاً 1 گھنٹہ 30 منٹ کی لوڈ مینجمنٹ ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک بجلی کی طلب 3510 میگاواٹ جبکہ فراہمی 2824 میگاواٹ رہی، جس کے باعث شارٹ فال کم ہو کر 607 میگاواٹ تک آ گیا۔ اس دوران انڈیپنڈنٹ انڈسٹری، کمرشل اور انڈسٹریل فیڈرز پر لوڈ مینجمنٹ نہیں کی گئی۔
تاہم شہری علاقوں میں صرف 45 منٹ جبکہ دیہی علاقوں میں ایک گھنٹہ لوڈ مینجمنٹ کی گئی، جس سے صارفین کو کسی حد تک ریلیف ملا۔