ویب ڈیسک: پاکستان فلم انڈسٹری اور تھیٹر کی معروف اداکارہ خوشبو خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکارہ بننا نہیں چاہتی تھیں بلکہ زبردستی انہیں اداکاری کے شعبے میں لایا گیا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خوشبو خان نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز اور ذاتی دکھوں کا کھل کر اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ میں پڑھ لکھ کر ٹیچر بنوں لیکن مجھے کم عمری میں چائلڈ آرٹسٹ بنا دیا گیا۔اداکارہ نے بتایا کہ 7 سال کی عمر میں کام شروع کیا اور محض 11 سال کی عمر میں ہیروئن کے کردار میں نظر آئیں۔
خوشبو خان نے بتایا کہ انہیں زندگی میں بارہا دھوکہ ملا اور وہ اب کسی پر بھروسہ نہیں کرتیں۔ میں نے جن سے محبت کی، جن کا ساتھ دیا، انہی سے دھوکہ کھایا، آج میں اور میرا ٹوٹا ہوا دل اکیلے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکاری کے باعث وہ اپنی تعلیم مکمل نہ کر سکیں اور آج بھی انہیں اس بات کا پچھتاوا ہے۔ اُنہوں نے اپنے خاندان اور رشتہ داروں کی مالی مدد کی، ان کی پرورش کی لیکن آج سب اپنی زندگیوں میں مصروف ہیں اور میں تنہائی کا شکار ہوں۔
خوشبو خان نے انکشاف کیا کہ وہ کئی ماہ تک ڈپریشن میں مبتلا رہیں، کمرے میں بند ہو کر روتی رہیں اور طویل جدوجہد کے بعد تناؤ سے باہر نکلیں لیکن تنہائی کا احساس اب بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑتا۔
یاد رہے کہ خوشبو خان گزشتہ کئی برسوں سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور فلموں، ڈراموں اور تھیٹر میں بے شمار کام کر چکی ہیں۔ وہ اداکار ارباز خان کی اہلیہ ہیں اور ان کے دو بیٹے ہیں۔