ویب ڈیسک: بھارتی فلمساز منصور خان، جو ’قیامت سے قیامت تک‘ اور ’جو جیتا وہی سکندر‘ جیسی کلاسک فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں، نے حالیہ انٹرویو میں اپنی 2000 کی فلم جوش کے حوالے سے کچھ دلچسپ انکشافات کیے ۔
اس فلم میں شاہ رخ خان اور ایشوریا رائے نے جڑواں بہن بھائی کا کردار ادا کیا تھا، لیکن ابتدا میں فلم کی کاسٹ بالکل مختلف ہونی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جوش فلم کے ہدایتکار منصور خان نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے فلم میں شاہ رخ خان کی جڑواں بہن کا کردار پہلے کاجول کو آفر کیا تھا۔
منصور خان نے بتایا کہ میں نے جیسے ہی کاجول کو شاہ رخ کی بہن کے کردار کی تفصیل سنائی تو کاجول نہ صرف حیران ہوئیں بلکہ فلم کی آفر پر شدید ردعمل بھی دیا۔
ہدایتکار منصور کے مطابق کاجول نے اسکرپٹ سننے کے بعد کہا کہ وہ یہ فلم بالکل نہیں کریں گی کیونکہ وہ ‘میکس’ یعنی شاہ رخ کے کردار کو ادا کرنا چاہتی تھیں، جو فلم کا سب سے زیادہ دلکش رول تھا۔ نہ کہ شاہ رخ کی بہن کاکردار کریں۔
اس انکار کے بعد منصور نے جب ایشوریا رائے سے رابطہ کیا تو انہوں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے بہن کا کردار قبول کر لیا۔
ہدایتکار منصور خان کا کہنا ہے کہ ایشوریا نے اسکرپٹ کو کہانی کے طور پر دیکھا، کسی رول کی بڑی یا چھوٹی حیثیت پر بات نہیں کی۔ وہ بہت پروفیشنل تھیں اور میرے نزدیک 'جوش' میں ایشوریا کی پرفارمنس اُن کی بہترین پرفارمنسز میں سے ایک تھی۔