سٹی42:شہر میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح، لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کی سفارشات آج قومی رابطہ کمیٹی کو پیش کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظرقومی رابطہ کمیٹی میں لاہور کے اندر 14 روز کے لیے مکمل لاک ڈاو¿ن لگانے کی سفارشات پیش کر دی گئیں۔ محکمہ صحت نے قومی رابطہ کمیٹی کو مزید سخت ایس او پیز اپنانے کی سفارشات کی ہیں۔
کاروباری مراکز کی بندش رات 8 سے 6 بجے تک ہی برقرار رکھنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ لاہور کے اندر سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی سفارشات بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کو لاہور کے ہسپتالوں کی تازہ صورت حال سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔۔ قومی رابطہ کمیٹی لاہور میں چودہ روز کے مکمل لاک ڈاؤن پر حتمی فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کی شدت میں تیزی کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، تازہ ترین رپورٹ کے مطابق شہر میں مہلک وائرس مزید 38 زندگیاں نگل گیا جبکہ1504 نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔
ہسپتالوں میں کورونا کے 1279 مریض داخل ہیں جن میں سے 841 مریض کنفرم جبکہ 438 مشتبہ مریض زیر علاج ہیں۔257 مریضوں کی حالت تشویشناک بیان کی گئی ہے جنہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔655 مریض ہائی ڈپنڈنسی یونٹس اور 367 مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔کورونا مریضوں میں اضافے کی وجہ سے ہسپتالوں کے آئی سی یوز 93 فیصد سے زائد بھر گئے ،آئی سی یو میں کورونا کے مریضوں کیلئے گنجائش انتہائی کم رہ گئی۔