ملک اشرف: کورونا لاک ڈاون ، صوبائی حکومت کی طرف سے دس کروڑ کی گرانٹ کے بعد پنجاب بار کونسل نے بھی وکلا کیلئے امدادی پیکج کی رقم تین کروڑ سے بڑھا کر چھ کروڑ کردی، ہرمستحق وکیل کو دس ہزار روپے ملیں گے، رقم کی تقسیم کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں گئیں.
کورونا لاک ڈاون سے متاثرہ وکلاکی مالی امداد سے متعلق وائس چئیرمین اکرم خاکسار اور چئیرمین ایگِزیکٹو کمیٹی جمیل اصغر بھٹی کی زیرصدارت پنجاب بار کونسل کا جنرل ہاوس اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاہور سمیت صوبہ بھر کے ممبران نے کی شرکت کی ۔
چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جمیل اصغر بھٹی نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء میں رقم کی تقسیم کے لئے تشکیل کردہ کمیٹیوں میں مقامی بار کا صدر ، سیکرٹری اور ممبر پنجاب بار کونسل شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سے ملنے والی دس کروڑ کی گرانٹ بھی اس میں شامل ہوگی،ہر مستحق وکیل کو دس ہزار کی رقم دی جائے گی ۔
جمیل اصغر بھٹی کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں وکلاء کو تنہانہیں چھوڑیں گے ، وکلا کے ساتھ کھڑے ہیں ،زیادہ سے زیادہ وکلاء کی مالی امداد یقینی بنائیں گے۔