( حافظ شہباز علی ) پی سی بی قومی و صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے، کوچز اور ٹرینرز نے کھلاڑیوں کے فٹنس لیول پر اطمینان کا اظہار کردیا۔
پی سی بی کے بصوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے ہیں۔ ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ٹرینرز اپنی رپورٹس تیار کرکے شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کو بھجوائیں گے۔ لاک ڈاون کے باوجود قومی اور صوبائی سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کی مجموعی فٹنس برقرارہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، عمران فرحت، آصف علی، احمد صفی عبداللہ، محمد موسی، اسد رضا، وقاص مقصود، نسیم شاہ، سعد نسیم اور سمیع اسلم کا فٹنس لیول بہترین ہے۔
قومی کھلاڑیوں میں شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم، سرفرازاحمد، اظہر علی، اسد شفیق اور محمد عباس کا فٹنس لیول بہترین قرار پایا ہے۔ ذرائع کے مطابق ماضی میں فٹنس مسائل سے دوچار عماد وسیم، حسن علی اور محمد عامر کے فٹنس لیول میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
صوبائی ٹرینرز اپنی رپورٹس تیار کرکے شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کو بھجوائیں گے جبکہ قومی ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک قومی کھلاڑیوں کی فٹنس ٹیسٹ رپورٹ ہیڈ کوچ مصباح الحق کو بھجوائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز 30 جولائی سے شروع ہونا ہے جس کے عالمی وبا کے باعث خدشات کے امکانات ہیں۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کسی تیسرے ملک میں کھیلنے کی کوئی تجویز نہیں اور سیریز کے ویسٹ انڈیز میں ہونے کے بھی کوئی امکانات یا تجویز نہیں۔ سیریز کے حوالے سے دونوں بورڈز مکمل رابطے میں ہیں اور امکان ہے کہ اگلے ماہ تک سیریز کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ ہو جائے گا.