ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مصر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس

مصر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:  ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مصر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ 

 ترجمان  دفتر خارجہ کے مطابق مصر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے نیویارک میں ملاقات کی۔ملاقات اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی

اجلاس میں حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزرائے خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے چاروں ممالک کے درمیان مسلسل مشاورت اور رابطہ کاری کی اہمیت کا اعادہ کیا۔خطے میں جاری کشیدگی اور مخاصمت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا

وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ پائیدار حل کے حصول کا واحد راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔انہوں نے دیرپا امن اور استحکام کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزرائے خارجہ نے سعودی عرب کے خلاف تمام حملوں، بشمول حالیہ حوثی حملوں، کی شدید مذمت کی۔وزرائے خارجہ نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے توثیق کی کہ سعودی عرب کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے دفاع، اپنے علاقے اور اپنی عوام کے تحفظ کا فطری حق حاصل ہے۔انہوں نے بحری آمدورفت کی سلامتی اور آزادی کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا

وزرائے خارجہ نے یمن کی جائز حکومت اور صدارتی قیادت کونسل (Presidential Leadership Council) کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔وزرائے خارجہ نے کہا کہ یمن میں سلامتی، استحکام اور ترقی کے حصول کے لیے سیاسی عمل اور مختلف فریقوں پر مشتمل جامع یمنی-یمنی مکالمے کے ذریعے کوششیں جاری رہنی چاہییں

مشرقِ وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے فلسطینی مسئلے کی مرکزی حیثیت کا اعادہ کیا گیا

وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا، 

ان میں حقِ خود ارادیت اور 4 جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر، مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بناتے ہوئے، ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور باہم متصل ریاستِ فلسطین کے قیام کا ناقابلِ تنسیخ حق بھی شامل ہے

وزرائے خارجہ نے سوڈان کی خودمختاری، اتحاد، آزادی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا 

انہوں نے سوڈان کے جائز قومی اداروں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا

انہوں نے ایسے متوازی اداروں یا ڈھانچوں کو مسترد کرنے پر بھی زور دیا جو سوڈان کی خودمختاری اور اتحاد کو نقصان پہنچاتے ہیں

انہوں نے سوڈان کی سرزمین میں اسلحے، کرائے کے جنگجوؤں اور غیر ملکی جنگجوؤں کی غیر قانونی ترسیل روکنے کی ضرورت پر زور دیا

وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کے حوالے سے قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا

تاکہ اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنایا اور طویل مدتی علاقائی استحکام کو فروغ دیا جا سکے