ویب ڈیسک : آئی جی ریلوے پولیس کی جانب سے ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ مسافروں کی چیکنگ کے احکامات پر ریلوے حکام اور پولیس کے درمیان تنازع پیدا ہوگیا۔
آئی جی ریلوے پولیس فخرسلطان نے بغیرٹکٹ مسافروں کی چیکنگ کا حکم دیا تھا اور اس حوالے سے اے آئی جی آپریشنز ریلوے پولیس کی جانب سے 17 ستمبر کو سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا۔
ریلوے پولیس کے اے آئی جی آپریشنز کے سرکلر میں ہدایت کی گئی تھی کہ ریلوے پولیس کے ایس ایچ اوز پہلی جب کہ ایڈیشنل ایس ایچ اوز دوسری شفٹ میں ٹکٹوں کی چیکنگ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی ریلوے کے احکامات کے جواب میں چیف کمرشل منیجر ریلویز نے پولیس کو مراسلہ لکھ دیا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ قانون کے مطابق ریلوے پولیس ٹکٹ چیک کرنے کی مجاز نہیں۔
چیف کمرشل آفیسر کے مطابق ٹکٹ چیک کرنا ریلوے پولیس کے فرائض یا ملازمت کا حصہ نہیں اور ریلوے پولیس کا کام صرف ٹکٹ چیک کرنے والے عملے کی معاونت کرنا ہے۔