طاہر جمیل:بند روڈ پر غیرقانونی ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران دکاندار اور اس کے ساتھیوں نے سول ڈیفنس کی ٹیم پر مبینہ طور پر حملہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سول ڈیفنس کی ٹیم سی ڈی او اشفاق احمد کی سربراہی میں ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف کارروائی کر رہی تھی۔ مہر عبداللہ ایل پی جی پوائنٹ پر مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر کھلا پٹرول اور ایل پی جی ری فلنگ کی جا رہی تھی۔
کارروائی کے دوران غیرقانونی ری فلنگ پمپ ضبط کرنے پر دکاندار مبینہ طور پر مشتعل ہوگیا۔ دکاندار نے ساتھیوں کے ہمراہ سرکاری اہلکاروں پر حملہ کرکے انہیں زدوکوب کیا۔
پولیس کے مطابق دکاندار نے گیس کھول کر پائپ اہلکاروں کی جانب کیا اور انہیں گیس سے جلانے کی مبینہ کوشش بھی کی۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ لوئر مال میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔