سعید احمد: ریلوے پولیس نے ٹکٹ چیکنگ کے نظام میں تبدیلی سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹکٹ چیکنگ کے نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ریلوے پولیس ٹکٹ لیس مسافروں کے خلاف ازخود یا یکطرفہ کارروائی نہیں کر رہی، بلکہ کمرشل برانچ، ٹکٹ چیکرز اور سٹیشن ماسٹرز کے ساتھ مل کر ٹکٹ چیکنگ کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام کیلئے ریلوے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ٹرینوں اور ریلوے سٹیشنز پر مشترکہ ٹکٹ چیکنگ اور انفورسمنٹ کا عمل ایس او پیز کے مطابق جاری ہے، جبکہ ریلوے سٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ضرورت پڑنے پر دورانِ سفر بھی ٹکٹ چیکنگ کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر کی زیادہ شکایات والے سٹیشنز اور ٹرینوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ منتخب ٹرینوں اور سٹیشنز پر مشترکہ اور سرپرائز چیکنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریلوے پولیس کے مطابق بغیر ٹکٹ سفر کے خلاف کارروائی اور متعلقہ ریکارڈ بھی باقاعدگی سے مرتب کیا جائے گا۔