فریحہ بتول:شہر بھر کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں سرکاری نرخ نامے سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہری مہنگائی سے پریشان ہیں۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق آلو کی قیمت 30 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں آلو 43 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح بینگن کی سرکاری قیمت 80 روپے کے مقابلے میں اوپن مارکیٹ میں 110 روپے فی کلو، بھنڈی 196 روپے کے بجائے 250 روپے فی کلو جبکہ ٹماٹر 140 روپے کے بجائے 170 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
کریلے کی سرکاری قیمت 200 روپے مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 220 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ گھیا کدو 160 روپے کے بجائے 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ساگ کی سرکاری قیمت 60 روپے کے مقابلے میں شہریوں کو 100 روپے فی کلو ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انگور کی سرکاری قیمت 350 روپے فی کلو کے مقابلے میں اوپن مارکیٹ میں 470 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ امرود 220 روپے کے بجائے 300 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث انہیں مقررہ قیمت سے زائد ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔