(وقاص عظیم )وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیرِ صدارت دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر پیش رفت اور رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں دکانداروں کو آسان ٹیکس اسکیم سے آگاہ کرنے کے لیے مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں ٹیکس کمشنرز کو مقامی ٹیکس بارز سے رابطوں کی ہدایت کی گئی، دکاندار اپنے اعتماد کے وکلاء سے بھی فارم بھر سکیں گے،اجلاس میں آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ تاجر راہنماؤں کی جانب سے ایف بی آر افسران اور تاجر نمائندوں کے بازاروں کے مشترکہ دوروں کے حوالے سے مقامی تاجر نمائندوں کی فہرستیں مل گئی ہیں۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تاجر نمائندوں کی مدد سے ہر دکاندار تک آسان ٹیکس سکیم کی معلومات پہنچائی جائیں، تاجروں کے مطالبے پر عمل کرکے حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ،اب دکانداروں نے اپنی ہی تیار کردہ سکیم کو کامیاب بنانا ہے۔
اجلاس میں تاجر نمائندوں اور ایف بی آر افسران کے مل کر اپنے متعلقہ علاقے کے بازاروں میں رجسٹریشن کی حکمت عملی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،ممبر سٹریٹجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر اِن لینڈ ریونیوآپریشنز زبیر بلال اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
بلال اظہر کیانی نے اس موقع پرمزیدکہاکہ دکانداروں کے پاس آسان ٹیکس سکیم اور پرانے طریقے سے ٹیکس جمع کرانے کے دونوں آپشن موجود ہیں،تاجروں نمائندوں سے طے پانے والے نکات کے تحت ایف بی آر کے پاس دونوں آپشن استعمال نہ کرنے والے دکانداروں پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار موجود ہے،آسان ٹیکس سکیم کے تحت دونوں آپشنز استعمال نہ کرنے والے دکاندار پر پہلے مہینے میں دس ہزار، دوسرے میں25 اور تیسرے مہینے میں 50 ہزار جرمانہ عائد ہوگا،دکاندار ٹرن اوور کی بنیاد پر فکسڈ ٹیکس ادا کریں گے یا معمول کا گوشوارہ جمع کرائیں گے،15 ستمبر کو وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے آسان ٹیکس سکیم میں رجسٹر ہونے والے دکاندار کی دکان پر سبز پلیٹ لگائی تھی،آسان ٹیکس سکیم کا حصہ بننے والے دکاندار کی دکان میں ایف بی آر کا عملہ داخل نہیں ہوسکے گا اور نہ ہی اس کا عموماًکوئی آڈٹ ہوگا۔
اس سکیم کا بنیادی مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور دکانداروں کو سہولت دینا ہے۔