سٹی42: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف مؤثر آپریشن کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑی ہے۔
آپریشن کے دوران 2 کروڑ 19 لاکھ یونٹس سے زائد بجلی چوری کا سراغ لگایا گیا، جس کے نتیجے میں 19 کروڑ 55 لاکھ روپے کی ریکوری بھی عمل میں لائی گئی۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو رمضان بٹ کے مطابق یہ آپریشن بجلی چوری کے خاتمے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔ رواں مالی سال کے دوران لیسکو کو 15 ہزار سے زائد بجلی چوری سے متعلق شکایات موصول ہوئیں، جن میں 14,000 گھریلو کیسز، 494 کمرشل کیسز، 195 زرعی کیسز اور 37 صنعتی کیسز شامل ہیں۔
لیسکو حکام کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف اب تک 9,800 سے زائد مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں جبکہ 219 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 75 کروڑ 12 لاکھ روپے کے ڈٹیکشن بلز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ بجلی چوری قومی جرم ہے اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ لیسکو کی ٹیمیں بھرپور طریقے سے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ قومی وسائل کی حفاظت کی جا سکے۔