نواز شریف کے ہاتھ پر آ بیٹھنے والے کبوتر کا معمہ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  لاہور میں مینار پاکستان پر مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نے خطاب کا آغاز کیا تو کچھ کبوتر ان کے ڈائس پر آ کر بیٹھ گئے، نواز شریف نے ایک سفید کبوتر ہو ہاتھ پر بٹھا لیا اور ہاتھ فضا میں بلند کر کے اس کبوتر کو جلسہ کے حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ اب پاکستان بھر میں یہ بحث ہو رہی ہے کہ نواز شریف کے ہاتھ پر بیٹھنے والا کبوتر کہاں سے آیا؟

۔ ایک خوبصورت سفید کبوتر نواز شریف کے مائیک پر آ بیٹھا، انہوں نے اس کبوتر کو اپنے ہاتھ پر بٹھا لیا تو وہ سہولت کے ساتھ ان کے ہاتھ پر آ کر بیٹھ گیا۔ میاں نواز شریف نے اس خوبصورت کبوتر کو کچھ دیر تک ہاتھ پر بیٹھا رہنے دیا، اس کے بعد انہوں نے ہاتھ اونچا کر کے اسے  جلسہ کے حاضرین کو دکھایا،  اس دوران حاضرین کی جانب سے داد و تحسین اور نعروں کی بلند آوازیں آتی رہیں لیکن وہ کبوتر بے خوفی اور اطمنان کے ساتھ مسلم لیگ نون کے قائد کے ہاتھ پر بیٹھا رہا،  اس سارے منظر کو نیوز چینلز کے درجنوں کیمروں نے فلمبند کیا۔

نیوز چینلز اور سوشل میڈیا پر نواز شریف کے عشق میں مبتلا اس سفید کبوتر کے چرچے ہو رہے ہیں اور لوگ اس کبوتر کے نواز شریف کے ہاتھ پر بیٹھنے اور کافی دیر بعد بھی اڑنے سے انکار کے حوالے سے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ بعض مداح اسے ملک میں خوشحالی کی واپسی کا آسمانی اشارہ تک قرار دے رہے ہیں۔  سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے مینار پاکستان جلسہ کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں کبوتر نواز شریف کے ہاتھ پر بیٹھا ہواہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کیپشن لکھا کہ "ملک میں امن لوٹ آیا، الحمد للہ"۔