ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عوامی احتجاج رنگ لے آیا، کینیا میں ڈیزل سستا کرنے کا اعلان

عوامی احتجاج رنگ لے آیا، کینیا میں ڈیزل سستا کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: کینیا میں مہنگائی اور بڑھتی ہوئی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف عوامی احتجاج کے بعد حکومت نے شہریوں کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

شدید عوامی دباؤ اور ٹرانسپورٹ ہڑتال کے بعد حکام نے ڈیزل کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کسی حد تک کم کیا جا سکے۔

کینیا کے صدر ویلم روٹو نے ٹیلی وژن خطاب میں اعلان کیا کہ جون اور جولائی کے قیمتوں کے نئے چکر میں ڈیزل کی قیمت میں 10 کینین شلنگ کمی کی جائے گی۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق ملک میں حالیہ دنوں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج دیکھنے میں آیا، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث مختلف شہروں میں معمولاتِ زندگی بھی شدید متاثر ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق مظاہروں کے دوران متعدد افراد کے زخمی اور ہلاکتوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، جس کے بعد حکومت پر عوامی دباؤ مزید بڑھ گیا تھا۔

صدر روٹو کا کہنا تھا کہ حکومت ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے جبکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ٹیکس میں رعایت سمیت اربوں کینین شلنگ خرچ کیے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی سپلائی میں مسائل اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث حالیہ مہینوں میں ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے اثرات کینیا سمیت کئی ممالک میں محسوس کیے گئے۔