ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے چوری کے مقدمے میں نامزد ملزم شاہ نواز کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کے دوران قصور پولیس کی تفتیشی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
جسٹس محمد طارق ندیم نے ملزم شاہ نواز کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے کیس کے تفتیشی پہلوؤں اور پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔
عدالت نے پولیس کی کارکردگی اور تفتیشی عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بظاہر کیس کی تحقیقات میں کئی پہلو ایسے ہیں جن پر وضاحت درکار ہے۔ عدالت قصور پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے مؤقف سے مطمئن نہ ہو سکی۔جسٹس محمد طارق ندیم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کی مکمل وضاحت کے لیے ضلع پولیس کے سربراہ کا موقف سننا ضروری ہے، لہٰذا ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں عدالت کے روبرو پیش ہوں اور کیس سے متعلق تفصیلی وضاحت فراہم کریں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر کیس کے تمام متعلقہ ریکارڈ اور تفتیشی تفصیلات بھی پیش کی جائیں تاکہ درخواستِ ضمانت کے معاملے کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے چوری کے مقدمے میں ملزم شاہ نواز کی درخواستِ ضمانت پر مزید کارروائی آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے ڈی پی او قصور کو وضاحت کے لیے طلب کر لیا۔