رانا اظہر ؛پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ایونٹ کو اگست کے بجائے ستمبر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد ٹیموں کو بہتر تیاری کا موقع فراہم کرنا اور ٹورنامنٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
پی ایف ایف کے مطابق چیمپئن شپ میں ملک کے چاروں صوبوں کی دو، دو ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے بھی دو، دو ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔
فیڈریشن نے تمام صوبائی اور علاقائی فٹبال ایسوسی ایشنز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی انڈر 17 ٹیموں کی تیاری مکمل کریں تاکہ ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
پی ایف ایف حکام کے مطابق نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جس کی بنیاد پر قومی انڈر 17 فٹبال ٹیم کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
منتخب قومی انڈر 17 ٹیم بعد ازاں ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی، جس کے لیے یہ ایونٹ ٹیلنٹ کی تلاش اور قومی ٹیم کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔