درنایاب: ڈی جی ایل اے طاہر فاروق نے بارش کے دوران شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر نکاسی آب سمیت حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے داتا دربار توسیعی منصوبے، بھاٹی چوک انڈر پاس، گارڈن ٹاؤن اور گلبرگ سکیم کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے دوران بارشی پانی کی نکاسی کے انتظامات اور حفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا۔
چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے ڈی جی ایل ڈی اے کو منصوبوں پر کیے گئے حفاظتی اقدامات اور نکاسی آب کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ مون سون بارشوں کے دوران تمام ترقیاتی منصوبوں پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور نکاسی آب کا بروقت انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ گارڈن ٹاؤن اور گلبرگ سکیم کے مختلف بلاکس کا بھی دورہ کیا، جہاں ایم ڈی واسا نے واسا کے ترقیاتی کاموں کے دوران کیے جانے والے حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی۔
طاہر فاروق نے ایل ڈی اے انجینئرنگ اور ٹاؤن پلاننگ ٹیموں کو فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے کی جانب سے 15 اگست تک تعمیراتی کاموں کے دوران گہرائی میں کھدائی کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ مون سون سیزن میں تعمیراتی کام حفاظتی اقدامات کے بغیر ہرگز نہ کریں۔