سٹی42: پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلادھار بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 37 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زیادہ تر حادثات چھتیں اور دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے اور بارش کے پانی میں ڈوبنے کے باعث پیش آئے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق گوجرانوالہ میں بارش کے دوران چھتیں اور دیواریں گرنے کے آٹھ مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے، جبکہ بارش اور کرنٹ لگنے کے تین الگ حادثات میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا اور 2 افراد زخمی ہوئے۔ کامونکی میں انڈر پاس میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک بچہ بھی جاں بحق ہوگیا۔
پاکپتن میں مکان کی کچی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، جبکہ ساہیوال کے علاقے کوٹ خادم علی شاہ میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ہڑپہ میں دکان کی چھت گرنے کے واقعے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔
لاہور کے بند روڈ، گلشن راوی کے قریب ایک مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، جبکہ منڈی بہاؤالدین کے مختلف دیہات میں دیواریں اور چھتیں گرنے کے باعث 8 افراد زخمی ہوئے۔ بہاولنگر کے خان بابا روڈ، الجنت چوک کے قریب شیڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ سیالکوٹ میں ٹی آر کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق مری اور کہوٹہ میں جزوی لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، تاہم متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔