ویب ڈیسک:ملک کے سب سے بڑے آبی ذخیرے تربیلا ڈیم میں بڑے سیلابی ریلے کے داخل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہےجس کے باعث ڈیم انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب راول ڈیم میں پانی کی سطح 1750 فٹ تک بلند ہونے کے بعد اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تربیلا ڈیم کے ترجمان کے مطابق اس وقت پانی کی سطح 1530 فٹ ہے جبکہ ڈیم کی مکمل گنجائش 1550 فٹ ہے۔ ممکنہ سیلابی ریلہ آنے کی صورت میں پانی کا اخراج 4 لاکھ کیوسک تک بڑھا دیا جائے گا۔ فی الحال تربیلا ڈیم سے 3500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے کابل سے بھی 30 ہزار 900 کیوسک کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے، جس سے صورتحال مزید حساس ہو سکتی ہے۔
ادھر گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 92 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 75 ہزار 422 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانی کی سطح میں 72 ہزار کیوسک سے زائد کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں کچے کے علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ تاہم فی الحال کسی بڑے سیلاب کا خطرہ ظاہر نہیں کیا گیا، لیکن خبردار کیا گیا ہے کہ کشمور اور گردونواح میں اگلے 4 سے 5 روز کے دوران پانی کی سطح 5 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتی ہے۔
دوسری طرف راول ڈیم میں پانی کی سطح 1750.10 فٹ تک پہنچنے پر آج صبح 11 بجے سے اسپل ویز کھولنے کا عمل شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے تاکہ پانی کا توازن برقرار رکھا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاہم بعض مقامات پر گراؤنڈ پر خاطر خواہ سرگرمی نظر نہیں آ رہی۔