ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پہلے ٹی 20 میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

پہلے ٹی 20 میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)بھارتی بیٹسمین ابھیشیک شرما کی دھماکہ خیز اننگز اور گیندبازوں کی منظم کارکردگی کی بدولت بھارت نے پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ 5 میچوں کی سیریز میں بھارت نے 1-0 کی سبقت حاصل کر لی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کرنیوالی نیوزی لینڈ ٹیم کو ابتدا میں کامیابی ملی اور بھارت کی دو وکٹیں 27 رنز پر گر گئیں، مگر اس کے بعد کپتان سوریہ کمار یادو اور ابھیشیک شرما نے اننگز کو سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے 99 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔سوریہ کمار یادو نے 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے، جبکہ ابھیشیک شرما نے 35 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔درمیانی اوورز میں ہاردک پانڈیا نے تیز رفتار 25 رنز بنائے، تاہم شیوم دوبے اور اکشر پٹیل زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے۔ آخری اوورز میں رنکو سنگھ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 20 گیندوں پر ناقابل شکست 44 رنز بنائے، جس سے بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔
بھارت کی جانب سے 239 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی شروعات نہایت خراب رہی اور ابتدائی دو وکٹیں صرف دو رنز پر گر گئیں۔ اس دباؤ کے باوجود گلین فلپس نے ٹم رابنسن کے ساتھ ذمہ داری سنبھالی اور رنز بنانے کی کوشش کی۔ بعد میں مارک چیپ مین نے بھی فلپس کا ساتھ دیا، مگر وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ گلین فلپس نے 78 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے ۔بھارتی بالرز نے آخری اوورز میں نظم و ضبط برقرار رکھا اور نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں پر 190 رنز تک محدود کر دیا۔ اس طرح بھارت نے مقابلہ 48 رنز سے اپنے نام کیا۔ شاندار بلے بازی پر ابھیشیک شرما کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔