ویب ڈیسک : پاکستان اور بھارت کے درمیان کل ہونے والے ٹاکرے کے متعلق گرین شرٹس کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے میچ کا نام ہی دباؤ ہے، اگر اسٹیڈیم سے سارے تماشائیوں کو باہر نکال دیا جائے پھر بھی دباؤ برقرار رہے گا، میدان میں پریشر ہینڈل کرنا کھلاڑیوں کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پلیئنگ الیون کل ٹاس کے بعد سامنے آئے گی۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ اہم ہوتا ہے، اس سے اگر دباؤ کو نکال دیں تو پھر پیچھے کیا بچتا ہے، کھلاڑی دباؤ کو بھول جائیں، میدان میں جائیں اور اپنا کھیل پیش کرتے ہوئے کچھ کرکے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم متوازن ہے، امید ہے کھلاڑی اچھا پرفارم کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے ہار گئے تو کیا ہوا کل کا میچ ہمارے لیے بالکل نیا ہوگا، فخرزمان کا باہر ہونا پاکستان کے لیے بڑا دھچکا ہے، فخر زمان ہمارے میچ وننگ کھلاڑی تھے ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔ انہون نے بتایا کہ بھارت کا پلان ہے کہ وہ کل 4 سے 5 اسپنرز کو کھلائے گا، ہماری پلیئنگ الیون کل ٹاس کے بعد سامنے آئے گی۔ عاقب جاوید نے کہاکہ ہمارے پاس فاسٹ بولرز میچ ونر ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ سے کافی امیدیں ہیں۔ بھارت کے خلاف میچ ایک موقع ہے کہ ٹیم اور کھلاڑی دنیا کے سامنے اپنا نام کما سکتے ہیں۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بتایا ہے کہ اپنے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے پیش کریں، پاک بھارت میچ میں ہر کھلاڑی کے پاس کارکردگی دکھانے کا موقع ہے، پاکستان کے کھلاڑی دبئی کی کنڈیشنز سے واقف ہیں، یہ کھلاڑیوں پر ہے کہ وہ دباؤ کا سامنا کیسے کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کل دبئی میں کھیلا جائےگا، اس سے قبل پاکستان اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ سے ہار گیا تھا۔
یاد رہے کہ چیمپئینز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں انجری کا شکار ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہونیوالے فخر زمان کی جگہ امام الحق کو گرین شرٹس کا حصہ بنایا جائے گا ۔