ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سردیوں میں بال زیادہ کیوں گرتے ہیں؟ کیسے بچائیں؟

سردیوں میں بال زیادہ کیوں گرتے ہیں؟ کیسے بچائیں؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:خواتین ہوں یا مرد دونوں کے لئے سردی کے موسم میں بالوں کی کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ ایک عام شکایت بن جاتی ہے۔ اگر آپ کے کچھ بال گرنا معمول بن چکا ہے تو اس میں پریشانی کی بات نہیں ہے، ہاں! جب یہ مقدار معمول سے بڑھ جائے تو توجہ دینا ضروری ہو جاتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزانہ 50 سے 100 بالوں کا گرنا ایک قدرتی عمل ہے، کیونکہ پرانے اور کمزور بالوں کی جگہ نئے بال آتے رہتے ہیں، لیکن جب یہ مقدار اس حد سے تجاوز کر جائے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ بالوں کی جڑیں کمزور ہو رہی ہیں یا سر کی جلد کسی مسئلے کا شکار ہے، جسے نظرانداز کرنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

موسم سرما میں فضا میں نمی کم ہو جاتی ہے جس کا براہِ راست اثر ہماری جلد پر پڑتا ہے۔ جس طرح ہاتھ اور چہرہ خشک ہو جاتا ہے، اسی طرح سر کی جلد یعنی اسکیلپ بھی خشکی کا شکار ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے بالوں کی جڑیں کمزور پڑنے لگتی ہیں، خشکی پیدا ہوتی ہے اور بال ٹوٹ کر گرنے لگتے ہیں۔

سردیوں میں بالوں کی دیکھ بھال کا سب سے مؤثر طریقہ تیل سے سر کا مساج ہے۔ یہ عمل سر کی جلد میں خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے، جس سے بالوں کی جڑوں کو ضروری غذائیت ملتی ہے۔ زیتون، بادام یا ناریل کے تیل کو ہلکا سا گرم کر کے ہفتے میں دو سے تین بار نرمی سے مساج کرنے سے بال مضبوط ہوتے ہیں اور خشکی میں بھی کمی آتی ہے۔

اکثر لوگ صرف ظاہری ٹوٹکوں پر انحصار کرتے ہیں، حالانکہ بالوں کے گرنے کی اصل وجہ ذہنی دباؤ، نیند کی کمی، ہارمونی مسائل یا غذائی کمی بھی ہو سکتی ہے۔ اگر بالوں کا گرنا مسلسل بڑھ رہا ہو تو ماہرِ امراض جلد یا ہیئر کنسلٹنٹ سے رجوع کرنا بہتر ہوتا ہے تاکہ مسئلے کی جڑ تک پہنچا جا سکے۔

بالوں کی صحت کا گہرا تعلق خوراک سے بھی ہوتا ہے۔ وٹامن بی، وٹامن ای، پروٹین اور آئرن کی کمی بالوں کو کمزور بنا دیتی ہے۔ سردیوں میں سبزیاں، پھل، انڈے، مچھلی، گوشت اور دہی کا استعمال بالوں کی نشوونما کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

اسی طرح پانی پینا بھی بے حد ضروری ہے۔ سرد موسم میں پیاس کم لگنے کی وجہ سے لوگ پانی کم پیتے ہیں، جس کا نتیجہ جلد اور بالوں کی خشکی کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ مناسب مقدار میں پانی پینا بالوں کو اندر سے مضبوط رکھنے میں مدد دیتا ہے۔