ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں بارش اور سیلاب؛ علاقے خالی کروانے کی ہدایات، چیف منسٹر بھی حرکت میں آگئیں

Maryam Nawaz, PDMA , Flood alert, rain alert, monsoon 2025, weather update

 سٹی42:  پی ڈی ایم اے پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا آٹھواں سپیل 23 اگست سے شروع ہوگا۔  شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے اضافے کا امکان ہے، دریاؤں کے قریبی اور نشیبی علاقوں کی آبادیوں کو بچانے کے لئے انتظامیہ فوری انتظامات کرے۔پنجاب میں بارش اور سیلاب؛ علاقے خالی کروانے کی ہدایات جاری ہو گئیں۔  چیف منسٹر بھی حرکت میں آگئیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔23 سے 27 اگست تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ 

 آبادیوں کا فوری انخلاء یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ مریم نواز  نے دریائے ستلج سے ملحقہ علاقوں میں ریسکیو، انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں کو ضروری اقدامات کرنے حکم دیا  ہے اور دریاؤں کی گزرگاہوں میں مقیم آبادیوں کا فوری انخلاء یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ   نے  دریاؤں کے قریب اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے گھریلو سامان اور مال مویشی کی بروقت محفوظ  علاقوں میں منتقلی کے لئے پیشگی اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر زراعت، آبپاشی، ہیلتھ، جنگلات، لائیوسٹاک، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ 


 بارشیں کہاں کہاں ہوں گی

راولپنڈی مری گلیات اٹک چکوال جہلم منڈی بہاؤالدین گجرات گوجرانوالہ حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

لاہور قصور شیخوپورہ سیالکوٹ نارووال میانوالی خوشاب سرگودھا جھنگ ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشیں ہوں گی۔

ڈیرہ غازی خان بھکر لیہ ملتان بہاولپور بہاولنگر راجنپور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

 دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

  
 صوبہ کے تمام کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز کیلئے الرٹ

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ کیوسک ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے  کے ڈائریکٹر جنرل نے  دریائے ستلج سے ملحق اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات بھیجی ہیں۔ 

 دریائے ستلج کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل کرنے ہدایات  کی گئی ہے۔

 لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
 ڈی جی پی ڈی ایم اے   نے کہا ہے کہ  وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔ مساجد میں اعلانات اور لوکل سطح پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نواز نےسیلاب متاثرین کیلئے کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال متعین کرنے کا حکم دیدیا
وزیراعلیٰ  مریم نواز  نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے امدادی ٹیموں کو بروقت متاثرہ علاقوں میں متعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ  نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر لاہور،راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، گجرات اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں پیشگی انتظامات کا حکم دیا ہے۔

 وزیراعلیٰ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے پیشگی الرٹس،ایس او پیز اور ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے آبادی کے بروقت انخلا ءکے لیے مساجد اور لاؤڈ ز سپیکر پر اعلانات کرنے کی ہدایت کی اورسیلاب متاثرین کے علاج و معالجہ کے لئے کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال متعین کرنے کا حکم دیا۔


   مویشیوں کی ویکسی نیشن اور علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ نےمتاثرہ علاقوں میں مویشیوں کی ویکسی نیشن اور علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا اور متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو ایس ایم ایس مسیج بھیج کر آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی ڈی ایم اے پنجاب انتظامیہ اور اداروں کودریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج سے ملحقہ علاقوں میں خصوصی انتظامات کا حکم دیا۔

شہری کسی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔