سٹی42: کراچی میں 18 اگست کی بارش تین دن جاری رہی، بارش کے دوران اصل مسئلہ ٹریفک کا تھا ، بہت سے لوگ ایک ہی وقت میں سڑکوں پر آ گئے تھے جس سے مسائل پیدا ہوئے۔ بے جا تنقید کی گئی، پیپلز پارٹی کے بغض میں شہر کراچی کو نیچا دکھا رہے ہیں۔ تین دن سے مسلسل تنقید کی زد میں آئے ہوئے کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب نے آج نیوزکانفرنس میں جماعت اسلامی اور دوسرے مخالفوں پر سخت تنقید کی اور کراچی کی بارش سے جنم لینے والے مسائل کو "بڑھا چڑھا کر اچھالنے" والی میڈیا آؤٹ لیٹس پر بھی سخت تنقید کی۔
کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ بارش کے دوران کراچی ائیرپورٹ سے باہر نکالے جانے والے پانی کو "سٹار گیٹ" سے باہر نکالا جاتا ہے۔ 19 اگست کو بہت تیز بارش ہوئی، کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پانی کو سٹار گیت سے باہر نکالا گیا تو وہاں ٹریفک جام ہو گیا اور اس جگہ سے ٹریفک جام دوسرے علاقوں تک پھیل گیا۔
کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تین دن کے دوران بہت تیز بارش ہوئی، کراچی میں جو مسائل پیدا ہوئے انہین بڑھا چڑھا کر بتایا گیا۔ اصل مسئلہ ٹریفک کا ہوا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بارش ہوئی تو بہت سے لوگ ایک ہی وقت میں سڑکوں پر آ گئے تھے۔
جماعت اسلامی کی تنقید کا جواب
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ٹاؤنز بننے کے بعد سے صرف جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو 27 ارب روپے دیے گئے اور جماعت اسلامی والے کہتے ہیں کہ پیسے نہیں ملے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت ہر ماہ ان کے ٹاؤنز کو ایک ارب روپے دیتی ہے، یہ صرف اختیارا ت نہ ہونے کا رونا روتےہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ نالے صاف نہ ہونے کی ہم پر تنقید ہوئی، اگرنالےصاف نہیں ہوتےتو پانی اب تک کھڑا ہوتا۔
کراچی کے مئیر نے بتایا کہ بارش کے دوران تمام نالے چل رہے تھے لیکن سڑکوں پر ٹریفک نہیں چل رہا تھا۔ نالے صاف نہ کروائے ہوتے تو ٹریفک چوک نہ ہوتا، نالے چوک ہوتے۔
بارش زیادہ ہو جائے تو پانی فوراً کوئی نہیں نکال سکتا
شہر میں 300 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ 235ملی میٹر بارش پہلےروز 12 گھنٹے کے دوران ریکارڈ کی گئی، زیادہ بارش ہو تو کوئی طرم خان بھی آ جائے پانی فوراً نہیں نکال سکتا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں لگ بھگ 600 نالے موجود ہیں 46 نالےکے ایم سی کے اور 524 نالےٹاؤنز کے پاس ہیں، تنقید ہوئی کہ نالوں کی صفائی ہوتی تو شہر میں پانی کھڑا نہ ہوتا، جو 300 ملی میٹر پانی آیا وہ نالوں میں گیا ہے، اگر نالے صاف نہیں ہوتے تو پانی اب تک کھڑا ہوتا۔ مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کے ٹاؤنز کے منتظمین پر نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا، " چھوٹے نالے بھی صاف کروائیں، وہاں صفائی نہیں ہو گی تو بڑے نالے بھی متاثر ہوں گے۔"
میئر کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے لوگ پریس کانفرنس کر رہے تھے، انہوں نےکہا کہ 60 کروڑ روپے ہونے کےباوجود نالے کلیئر نہ کیے۔
نالوں کی صفائی تو 20 جون سے ہو رہی ہے
کراچی کے مئیر نے کہا کہ 20 جون سے نالوں کی صفائی شروع ہوئی جو 15 ستمبر تک جاری رہےگی، 30لاکھ24ہزار کیوبک فٹ نالوں سے چوکنگ پوائنٹس کو کلیئرکیا، یہاں سے نکلنے والے کچرے کولینڈ فل سائٹس منتقل کیاگیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اورنگی نالہ صاف نہ کیا ہوتا تو کیا ڈسٹرکٹ ویسٹ کےعلاقےکلیئرنہ ہوتے، نہر خیام کو کلیئر نہ کیا ہوتا تو کیا گزری،پنجاب چورنگی کا ایریا کلیئر ہوتا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ باتوں سے باہر نکلیں، آئیں مل کر ہم سب کام کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کے بغض میں آپ اپنے شہر کو نیچا دکھا رہےہیں۔