عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

imran khan
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، درخواست پر سماعت ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔

درخواست شہری کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے بیان حلفی میں معلومات چھپائیں۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ عمران خان نے کیا معلومات چھپائیں اور ان کا اثر کیا پڑے گا۔ درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ عمران خان نے اپنی ایک بیٹی کو ظاہر نہیں کیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ نے جو معلومات لازمی قرار دی تھیں کیا یہ اس میں آتا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ جی آتا ہے، زیر کفالت سب افراد کا نام ظاہر کرنا ضروری ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اگر بچہ زیر کفالت نہ ہو تو اسے تو ظاہر کرنا ضروری نہیں۔ عدالت نے شہری کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کی گئی تھی۔اسلام آباد کے ایک شہری نےعمران خان کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نےکاغذات نامزدگی میں معلومات چھپائیں، اور انہوں نے اپنی بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔