شاہدسپرا: سوئی ناردرن گیس کمپنی میں ایل این جی کی بنیاد پر گھریلو گیس کنکشنز کا اجرا تعطل کا شکار ہو گیا ہے، جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق متعدد صارفین نے ارجنٹ کیٹیگری کے تحت 25 ہزار روپے کے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروائے، تاہم کمپنی کی جانب سے سروے مکمل ہونے کے باوجود سکیورٹی ڈیمانڈ نوٹس جاری نہیں کیے گئے۔
سکیورٹی کا ڈیمانڈ نوٹس جاری نہ ہونے سے صارفین کو کنکشن نہ دیئے جا سکے،حالانکہ وفاقی حکومت پہلے ہی ارجنٹ اور معمول کی درخواستوں پر کنکشن دینے کی منظوری دی تھی.
حکام کے مطابق صارفین کو ایل این جی ٹیرف کی بنیاد پر کنکشن دینے کی منظوری دی گئی تھی,منظوری ملنے پر صارفین کی بڑی تعداد نے کمپنی میں درخواستیں جمع کروا دیں,صارفین کی درخواستیں جمع ہو گئیں تاہم کنکشن کے لئے عملی کام منجمد ہو گیا.
صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سکیورٹی ڈیمانڈ نوٹس جاری کیے جائیں تاکہ کنکشنز کا اجرا ممکن ہو سکے۔